ایکنا نیوز- عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں۔ عاشقان رسول یوم ولادت مصطفیٰ کی تیاریوں میں جوش وجذبے کے ساتھ مصروف نظر آرہے ہیں 12 ربیع الاول کی آمد آمدہے ملک کے کونے کونے میں عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تیاریاں انتہائی جوش وجذبے سے جاری ہیں ۔سبز جھنڈے ،بینرز، بیجز اور سجاوٹ کی اشیاء کے اسٹالز پر بچوں بڑوں سب کا رش نظر آرہا ہے۔سرکا ر کی آمد مرحبا ،مرحبا یا مصطفیٰ اور درودوسلام کی صدائیں فضاوٴں میں گونج رہی ہیں ۔ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں مساجد اورعمارتوں کو برقی قمقموں سے نہایت خوبصورت انداز سے سجایا گیاہے، جبکہ سڑکوں ،گلیوں ، بازاروں اورگھروں پربھی چراغاں کیاجارہاہے ۔دنیا بھرکے مسلمان یوم ولادت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم عقیدت واحترام سے مناتے ہوئے اللہ کے آخری نبی سے اپنی محبت کا اظہار کررہے ہیں.